وَإِذَا تُتْلَىٰ عَلَيْهِمْ آيَاتُنَا بَيِّنَاتٍ ۙ قَالَ الَّذِينَ لَا يَرْجُونَ لِقَاءَنَا ائْتِ بِقُرْآنٍ غَيْرِ هَٰذَا أَوْ بَدِّلْهُ ۚ قُلْ مَا يَكُونُ لِي أَنْ أُبَدِّلَهُ مِن تِلْقَاءِ نَفْسِي ۖ إِنْ أَتَّبِعُ إِلَّا مَا يُوحَىٰ إِلَيَّ ۖ إِنِّي أَخَافُ إِنْ عَصَيْتُ رَبِّي عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ
اور جب ہماری صاف آیتیں ان کے سامنے پڑھی جاتی ہیں ، تو جو ہماری ملاقات سے ناامید ہیں یوں کہتے ہیں کہ اس قرآن کے سوا کوئی اور قرآن لا ، یا اسی کو بدل ڈال ، تو کہہ یہ میرا کام نہیں کہ میں اپنی طرف سے اسے بدلوں ‘ میں اسی کے تابع ہوں جو مجھے حکم آتا ہے ، اگر میں اپنے رب کی نافرمانی کروں تو مجھے بڑے دن کے عذاب کا خوف ہے۔ (ف ١)
کفار مکہ اپنے آپ کو ملتِ ابراہیمی کا پیروکار سمجھتے تھے وہ اللہ کی ربوبیت کے تو پوری طرح قائل تھے مگر الوہیت کی صفات میں اپنے مختلف دیوی دیوتاؤں کو بھی رب تعالیٰ کا شریک کر لیا تھا جبکہ عقیدہ آخرت کے سخت منکر تھے، اور وہ یہ سمجھتے تھے کہ یہ قرآن اللہ کی طرف سے نازل کردہ نہیں ہے۔ اور اسی زعم باطل کو بنیادی بنا کر انھوں نے دو مطالبات پیش کر دیے۔(۱) اس قرآن کے بجائے کوئی ایسا قرآن لاؤ جو ہمارے لیے بھی قابل قبول ہو۔ (۲) اس میں کچھ رد و بدل کر دو تاکہ ہمارے اور تمھارے دمیان صلح اور سمجھوتہ کی راہ ہموار ہو سکے، اور یہی وہ نظریہ ہے جسے آج کل بھی مختلف مذاہب کے درمیان صلح و آشتی کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے ’’یعنی اپنے مذہب کو چھوڑو نہ اور دوسروں کے مذہب کو چھیڑو نہ‘‘ اس کے متعلق اقبال نے کہا ہے: باطل دوئی پرست ہے حق لاشریک شرکت میانہ حق و باطل نہ کر قبول آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب میں فرمایا کہ میرے اختیار سے باہر ہے کہ میں کوئی اور قرآن لاؤں یا اس میں کوئی رد و بدل کروں میں تو وحی کی پیروی کا پابند ہوں۔ اور اگر میں کوئی ایسا کام کر گزروں تو پھر مجھ سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا۔ میں تو عذاب اُخروی کے تصور سے ہی کانپ اٹھتا ہوں۔