سورة التوبہ - آیت 121

وَلَا يُنفِقُونَ نَفَقَةً صَغِيرَةً وَلَا كَبِيرَةً وَلَا يَقْطَعُونَ وَادِيًا إِلَّا كُتِبَ لَهُمْ لِيَجْزِيَهُمُ اللَّهُ أَحْسَنَ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور جو وہ خرچ کرتے ہیں ، تھوڑا ہو ، یا بہت ، اور جس میدان کا وہ سفر طے کرتے ہیں ، ان کے لئے لکھا جاتا ہے ، تاکہ اللہ انکے نیک عمل کی جزا انہیں دے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

مجاہدین کے اعمال کا بہترین صلہ: پہلی آیت میں اختیاری اور غیر اختیاری اعمال صالحہ لکھنے کا ذکر کیا اس آیت میں بالخصوص ان اعمال کا ذکر کیا جو اختیاری ہی ہوسکتے ہیں اور وہ جہاد فی سبیل اللہ کی بنیاد ہیں۔ جیسے زادِ سفر، سواری، اور اسلحہ پر جو بھی خرچ کرتے ہیں، پھر سفر جہاد پر بھی جتنے میدان یا علاقے طے کرتے ہیں، یہ سب نیکیاں تمہارے نامۂ اعمال میں درج ہونگی جن پر اللہ تعالیٰ بہتر سے بہتر صلہ ضرور عطا فرمائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے خطبہ میں اس سختی کے لشکر میں امداد کا ذکر فرماکر رغبت دلائی تو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ایک سو اونٹ مع کجاوے پالان اور رسیوں کے میں دوں گا۔ آپ نے پھر اسی کو بیان فرمایا تو پھر حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا ایک سو اور دوں گا آپ ایک زینہ نیچے اترے اور رغبت دلائی۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے پھر فرمایا ایک سو اور بھی، آپ نے خوشی خوشی اپنا ہاتھ ہلاتے ہوئے فرمایا۔ بس عثمان رضی اللہ عنہ آج کے بعد کوئی عمل نہ بھی کرے تو بھی کافی ہے۔ (احمد: ۴/ ۷۵۔ ترمذی: ۳۷۰۰)