سورة التوبہ - آیت 120

مَا كَانَ لِأَهْلِ الْمَدِينَةِ وَمَنْ حَوْلَهُم مِّنَ الْأَعْرَابِ أَن يَتَخَلَّفُوا عَن رَّسُولِ اللَّهِ وَلَا يَرْغَبُوا بِأَنفُسِهِمْ عَن نَّفْسِهِ ۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمْ لَا يُصِيبُهُمْ ظَمَأٌ وَلَا نَصَبٌ وَلَا مَخْمَصَةٌ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَلَا يَطَئُونَ مَوْطِئًا يَغِيظُ الْكُفَّارَ وَلَا يَنَالُونَ مِنْ عَدُوٍّ نَّيْلًا إِلَّا كُتِبَ لَهُم بِهِ عَمَلٌ صَالِحٌ ۚ إِنَّ اللَّهَ لَا يُضِيعُ أَجْرَ الْمُحْسِنِينَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اہل مدینہ اور انکی نواحی کے دیہاتیوں کو مناسب نہیں ‘ کہ رسول کے ساتھ جانے سے پیچھے رہیں ، اور نہ یہ مناسب ہے کہ نبی کی جان سے اپنی جانوں کو زیادہ چاہیں ، یہ اس لئے کہ اللہ کی راہ میں جو پیاس اور رنج اور بھوک ان پر آئے اور جہاں ان کے قدم جائیں ، تاکہ کافر خفا ہوں ، اور جو کچھ وہ اپنے دشمن سے چھین لیں ، مگر ان کے لئے اس پر نیک عمل لکھا جاتا ہے ، اللہ نیکوں کی مزدوری ضائع نہیں کرتا ۔ (ف ١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

رسول اللہ کو اپنی جان سے عزیز سمجھنے سے ایمان کی تکمیل ہوتی ہے: عبداللہ بن ہشام فرماتے ہیں کہ ہم اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ آپکے ساتھ تھے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کہنے لگے یارسول اللہ آپ میر ے نزدیک اپنی جان کے علاوہ ہر چیز سے محبوب ہیں۔‘‘آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’نہیں اس ذات کی قسم جسکے ہاتھ میں میری جان ہے جب تک میں تمہیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں تم مومن نہیں ہوسکتے۔‘‘ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا! اللہ کی قسم اب آپ میرے نزدیک میری جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں آپ نے فرمایا ہاں اے عمر اب (صحیح بات بنی)۔ (بخاری: ۱۴) اہل مدینہ اور دیہاتیوں کو تنبیہ: وہ لوگ جو غزوہ تبوک میں حضور کے ساتھ نہیں گئے تھے، اللہ تعالیٰ ڈانٹ رہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو سفر تبو ک کی صعوبتیں برداشت کریں اور مسلمان اپنے گھروں میں آرام سے بیٹھے رہیں، ٹھنڈے پانی پیئیں باغ کے سایہ میں بیٹھیں اور کھجور کے تازہ تازہ خوشے کھائیں بے شک وہ اس ثواب سے محروم رہ گئے جو مجاہدین فی سبیل اللہ کو ملا۔ مجاہد کے ہر فعل کے بدلے ایک عمل صالح اسکے اعمال نامہ میں لکھ دیا جاتا ہے خواہ یہ فعل غیر احتیاری ہو جیسے بھوک پیاس کو برداشت کرنا، تھکاوٹ ہونا، راستے کی تکلیف برداشت کرنا یہ سب اعمال صالح میں شمار ہونگے اور خواہ یہ فعل اختیاری ہوں جیسے سفر طے کرنا، دشمن سے کوئی علاقہ چھیننا یا اس سے جنگ کرکے کامیابی حاصل کرنا، ان سب کاموں پر اللہ کی طرف سے اجر عظیم ملتا رہتا ہے اور رب کی ذات کسی کی محنت ضائع نہیں کرتی۔