سورة الانفال - آیت 71

وَإِن يُرِيدُوا خِيَانَتَكَ فَقَدْ خَانُوا اللَّهَ مِن قَبْلُ فَأَمْكَنَ مِنْهُمْ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور اگر وہ تیرے ساتھ دغا کرنے کا ارادہ کریں گے تو وہ پہلے اللہ سے دغا کرچکے ہیں سو اس نے تجھے ان پر قابو دیا ، اور اللہ جاننے والا حکمت والا ہے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جب اسلام سے مقصود، دھوکا ہو تو بھی قبول کرو: یعنی ان جنگی قیدی کا اظہار اسلام سے آپ کو دھوکا دینا مقصود ہو تو بھی کوئی بات نہیں آپ ان پر اعتماد کیجئے۔ کیونکہ اس قسم کے لوگ پہلے بھی اللہ سے بدعہدی کرچکے ہیں، ان سے مراد نبی ہاشم کے وہ لوگ جنھوں نے ابو طالب کی زندگی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حمایت کا عہد کیا اور قسمیں بھی کھائیں، پھر انہی میں سے کچھ لوگ کافروں کے ساتھ مل کر مسلمانوں سے لڑنے آئے تو اللہ نے ان کو سزا دے دی اور وہ آپکے قیدی بن گئے، اور اگر اب بھی یہ بد عہدی کریں گے تو اللہ کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ اللہ کا کوئی کام علم و حکمت سے خالی نہیں، ان کے اور تمام مخلوق کے ساتھ جو وہ کرتا ہے اپنی ازلی و ابدی اور کامل حکمت کے ساتھ کرتا ہے۔