سورة البقرة - آیت 114

وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّن مَّنَعَ مَسَاجِدَ اللَّهِ أَن يُذْكَرَ فِيهَا اسْمُهُ وَسَعَىٰ فِي خَرَابِهَا ۚ أُولَٰئِكَ مَا كَانَ لَهُمْ أَن يَدْخُلُوهَا إِلَّا خَائِفِينَ ۚ لَهُمْ فِي الدُّنْيَا خِزْيٌ وَلَهُمْ فِي الْآخِرَةِ عَذَابٌ عَظِيمٌ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اس سے بڑا ظالم کون ہے جس نے خدا کی مسجدوں میں اس کے نام کا ذکر کرنے سے منع کیا اور مسجدوں کو اجاڑنے کی کوشش کی ، ایسوں کو لائق نہیں تھا مسجدوں میں داخل ہوتے مگر ڈرتے ہوئے ، (ف ١) ، ان کیلئے دنیا میں رسوائی اور آخرت میں بڑا عذاب ہے ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جب نصاری یہود پر غالب آئے تو انھوں نے یہود کو بیت المقدس میں داخل ہونے اور عبادت کرنے سے روک دیا۔ اور دور نبوی میں مشرکین مکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کو کعبہ میں نماز ادا کرنے سے روکتے تھے۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر مسلمانوں کو عمرہ کرنے سے روک دیا تھا۔ اس طرح یہ لوگ اللہ کے گھر یعنی مساجد کی رونق اور آبادی کے بجائے ان کی بربادی کے درپے ہوئے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اس سے بڑا اور کیا ظلم ہوسکتا ہے۔ چنانچہ فتح مکہ کے بعد مشرکین کی یہ پابندی ختم ہوگئی۔ قوم کی تربیت کیسے ہو؟: بچوں کی تربیت ماں کرتی ہے ۔ اس قوم کو اچھی مائیں نہیں ملی تھیں۔ مائیں خدا پرست نہیں رہی تھیں۔ (۱)صاحب علم و صاحب عمل ماں تو جب بچے کو دودھ پلاتی ہے تو بسم اللہ پڑھ کر پلاتی ہے اور ختم کرتی ہے تو الحمد للہ کہتی ہے۔ اس طرح بچہ رفتہ رفتہ یہ الفاظ سیکھ لیتا ہے۔ (۲) عورت کو دین کی تعلیم نہ دے کر مسجدیں ویران ہوگئی ہیں۔ (۳)صبح سے شام تک زندگی کا سفر کرتے ہیں مگر اس سفر میں اللہ کا نام نہیں۔ نپولین نے کہا تھا كہ تم مجھے اچھی مائیں دو میں تمہیں اچھی قوم دوں گا۔ اب ماں کی زندگی کے مقاصد بدل گئے ہیں۔ میڈیا مسجدوں میں ویرانی کا رول ادا کررہا ہے ۔ (۲) فرقہ بندی اپنے فرقے کو اجازت ہے، دوسرے فرقے کے لوگ آجائیں تو مسجد دھودی جاتی ہے۔ (۳) غلط قسم کے بحث و مباحثے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ مَا كَانَ صَلَاتُهُمْ عِنْدَ الْبَيْتِ اِلَّا مُكَآءً وَّ تَصْدِيَةً فَذُوْقُوا الْعَذَابَ بِمَا كُنْتُمْ تَكْفُرُوْنَ﴾ (الانفال: ۳۵)’’اللہ کے گھر کے پاس ان کی نماز کیا ہوتی جو سیٹیاں بجاتے اور تالیاں پٹتے تھے پھر چکھو اب عذاب کا مزہ۔‘‘