سورة القصص - آیت 85

إِنَّ الَّذِي فَرَضَ عَلَيْكَ الْقُرْآنَ لَرَادُّكَ إِلَىٰ مَعَادٍ ۚ قُل رَّبِّي أَعْلَمُ مَن جَاءَ بِالْهُدَىٰ وَمَنْ هُوَ فِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

جس نے اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تجھ پر قرآن فرض کیا ہے وہ تجھے پھر پہلی جگہ لوٹا (ف 3) لے جانے والا ہے ۔ تو کہہ میرا رب خوب جانتا ہے کہ کون ہدایت لایا ہے اور کون صریح گمراہی میں ہے

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٢١) آیت ٨٥ میں نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تسلی اور بشارت دی ہے کہ جس نے تم پر یہ ذمہ داری ڈالی وہ تجھے کامیابی سے ہم کنار بھی کرے گا یہ نبوت ورسالت موہبت ربانی ہے اس میں تمہاری طلب کو دخل نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے خاص رحمت ہے لہذا اس کی تبلیغ میں کسی قسم کی مداہنت کام نہ لیں، دعوت دیتے رہیں اور مخالفین کی پروا نہ کریں۔