سورة النور - آیت 29

لَّيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ أَن تَدْخُلُوا بُيُوتًا غَيْرَ مَسْكُونَةٍ فِيهَا مَتَاعٌ لَّكُمْ ۚ وَاللَّهُ يَعْلَمُ مَا تُبْدُونَ وَمَا تَكْتُمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اس میں تم پر کچھ گناہ نہیں کہ تم ان گھروں میں داخل ہو جہاں کوئی نہیں بستا ، اور اس میں تمہارا اسباب ہو ، اور اللہ جانتا ہے جو تم ظاہر کرتے ہو ، اور چھپاتے ہو ۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(١٦) آیت نمبر ٢٩ میں (فیھا متاع لکم) ہے اور متاع کا مطلب اردو فارسی کے تمام مترجموں نے مال واسباب ٹھہرایا ہے لیکن بات بنتی نہیں ذکر غیر آباد مکانوں کا ہے ایسی جگہوں میں کوئی اپنا مال اسباب رکھنے کیوں لگا اور اس کے لیے جانے کی ضرورت پیش کیوں آنے لگی؟ دراصل یہاں متاع، لغوی معنی میں مستعمل ہوا ہے جیسا کہ قرآن مجید نے ہر جگہ استعمال کیا ہے یعنی فائدہ اٹھانے اور متمع ہونے کے معنی میں ہیں مطلب یہ ہے کہ کوئی غیر آباد مکان ہو اور تمہیں اس میں جانے کی ضرورت پیش آجائے تو وہ اس حکم سے مستثنی ہے۔ قال العطاء المراد بھا الحرب التی یدخلھا الناس للبول والغائظ۔