سورة الحج - آیت 1
يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّكُمْ ۚ إِنَّ زَلْزَلَةَ السَّاعَةِ شَيْءٌ عَظِيمٌ
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
لوگو ! اپنے رب سے ڈرو ، بےشک قیامت کا زلزلہ ایک بڑی چیز ہے ،
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
سورت کی ابتدا حیات اخروی کے اثبات اور قیامت کی ہولناکی کی تذکیر سے ہوئی ہے۔ غور کرو، صرف ایک آیت کے اندر اس ہولناک ترین حادثہ کائنات کی کیسی کامل تصویر کھینچ دی ہے ؟ ماں کی محبت سے بڑھ کر طبعیت انسانی کا کوئی علاقہ نہیں اور اس محبت کے جوش کی سب سے زیادہ تیزی اس وقت ہوتی ہے جب بچہ دودھ پیتا ہوتا ہے اور ہر وقت ماں کی چھاتی سے لگا رہتا ہے، پس ہولناکی کی شدت کی یہ کس درجہ حقیقی اور فطری تصویر ہے کہ ماؤں کو اپنے دودھ پیتے بچوں تک کا ہوش نہ رہا۔ دہشت میں ایسی کھوئی گئیں کہ اپنی گود کے بچوں کو بھول گئیں، جس ہولناکی کا یہ حال ہو اس سے بڑھ کر طبیعت بشری کے لیے اور کون سی ہولناکی ہوسکتی ہے؟