سورة الحجر - آیت 25

وَإِنَّ رَبَّكَ هُوَ يَحْشُرُهُمْ ۚ إِنَّهُ حَكِيمٌ عَلِيمٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور تیرا رب انہیں جمع کرے گا وہ حکمتوں والا خبردار ہے ۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اس کے بعد آیت (٢٥) میں فرمایا : (وان ربک ھو یحشرھم انہ حکیم علیم) یعنی ایسا ضرور ہونے والا ہے کہ تمہارا پروردگار جزائے عمل کے لیے انہیں اپنے حضور جمع کرے کیونکہ تمام باتوں کی طرح اس بات کے لیے بھی اس نے ایک اندازہ ٹھہرا دیا ہے، وہ حکیم و علیم ہے اور جب وہ حکیم ہے تو ممکن نہیں کہ اس نے انسان کے اعمال کے لیے کوئی اندازہ نہ ٹھہرا دیا ہو اور جب وہ علیم ہے تو ممکن نہیں کہ انسان کے اعمال اس کی نظر سے پوشیدہ رہ سکیں۔