إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ زِلْزَالَهَا
جب زمین اپنے بھونچال (ف 1) سے ہلائی جائے گی۔
سورۃ زلزال (ف 1) سابقہ سورۃ کا اختتام ان آیتوں پرہوا تھا کہ منکرین بدترین خلائق ہیں اور ان کو جو سزا ملے گی وہ بھی بدترین مقام پرفائز ہوں گے ۔ سوال یہ پیدا ہوتا تھا کہ یہ وقت مکافات اور جزا کا کب آئے گا ۔ جب نفخہ ثانیہ کے وقت زمین میں ایک شدید حرکت اور جنبش ہوگی اور زمین اپنے تمام ذخائر وخزائن اگل دے گی اس وقت یہ لوگ کہیں گے کہ یہ کیا ہونے والا ہے ۔ اس وقت یہ بےزبان زمین بتائے گی کہ اس کے سینے پر انسانوں نے کیسی معصیت کوشی کی زندگی بسر کی ہے ۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس کو اس نوع کی تلقین کررکھی ہوگی ۔ یہ وہ دن ہوگا جب لوگ گروہ درگروہ موقف حساب سے واپس ہوں گے ۔ وہ لوگ دیکھیں گے کہ ذرہ برابر نیکی جو ہے وہ بھی درج فہرست ہے اور ذرہ برابر برائی جو ہے ، وہ بھی رقم ہے اور پورے پورے انصاف وعدل سے کام لیا گیا ہے ۔