إِنَّ الَّذِينَ يَخْشَوْنَ رَبَّهُم بِالْغَيْبِ لَهُم مَّغْفِرَةٌ وَأَجْرٌ كَبِيرٌ
وہ لوگ جو بن دیکھے اپنے رب سے ڈرتے ہیں ۔ ان کے لئے معافی اور بڑا (ف 1) اجر ہے۔
نظر اور استدلال کی فضیلت (ف 1) غرض یہ ہے کہ مغفرت اور بخشش اور اجر کبیر ان لوگوں کا حصہ ہے جو ان معارف پر غائبانہ ایمان رکھتے ہیں جو پس پردہ ہیں ۔ جو استدلال ووجدان کی روشنی میں ان حقائق کو تسلیم کرتے ہیں جو نظروں سے اوجھل ہیں ۔ اور جو اس دنیا میں کوشش کرتے ہیں کہ سچائی کو پالیں اور صداقت کا جرأت کے ساتھ اعتراف کریں ۔ اور جو لوگ اس وقت جب دنیا کی آنکھیں بند ہوتی ہیں عاقبت کی آنکھوں کے ساتھ مشاہدہ وتجربہ کے بعد خدا کو اور جنت ودوزخ کو تسلیم کرینگے ان کا یہ تسلیم کرنا ان کے لئے یک قلم بےسود ہوگا کیونکہ ضرورت تو اس بات کی ہے کہ یہاں اس دنیا میں ان مشکلات وموانع میں اور ان حجب واستار کے باوجود اس کو پہچانا جائے اور اس کے نام کو کفر وانکار کے خلاف پھیلایا جائے ۔ وہاں اس وقت تسلیم کیا تو کیا ۔ جب کہ وہ خود ایمان پر مجبور کردے اور جبکہ اعمال کے لئے کوئی وقت ہی باقی نہ رہے۔