سورة الواقعة - آیت 95

إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ حَقُّ الْيَقِينِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

بے شک یہ بات جو ہے یہی لائق یقین (ف 1) کے ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف 1) ان آیات میں موت کے بعدزندگی کی تشریح فرمائی ہے کہ اگر مرنے والا اللہ کے مقربین میں سے ہے تو پھر اس کو بالکل بےخوف وخطر رہنا چاہیے ۔ اس کے لئے وہاں کامل مسرت اور بہترین زندگی ہے اور جنت ہے جو بجائے خود ضامن ہے ہر فلاح وسعادت اور آسودگی ونعمت کی ۔ اور اگر اس سے ذرا کم درجے میں ہے تو بھی چونکہ فرمانبرداروں اور اطاعت شعاروں میں ہے اس لئے بھی ہر خوف وہراس سے سلامتی ہے ۔ اور اگر ان لوگوں میں سے ہے جنہوں نے دنیا میں حق وصداقت کے پیغام کو ٹھکرایا اور اپنے لئے گمراہی اور ضلالت کی راہوں کو تجویز کیا ہے تو پھر خیر نہیں ہے ان لوگوں پر اللہ کا غضب ہوگا کھولتے ہوئے پانی اور جہنم سے ان کی تواضع کی جائے گی ۔ اس لئے ابھی سے ان واقعات پر کامل یقین ہونا چاہیے اور اپنے عظیم الشان پروردگار کی تسبیح کرنی چاہیے ورنہ نتیجہ سامنے ہے ۔ حل لغات : حَقُّ الْيَقِينِ۔ اعتقاد کا وہ مقام جہاں شکوک نہ پیدا ہوسکیں ۔