سورة الرحمن - آیت 58
كَأَنَّهُنَّ الْيَاقُوتُ وَالْمَرْجَانُ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اور وہ ایسی ہیں جیسے یاقوت اور مونگا۔ (ف 1)
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
جنت کی عورتیں (ف 1) یعنی وہاں جن عورتوں کی رفاقت نصیب ہوگی وہ اتنی باحیا اور با عصمت ہوں گی کہ ان کی نگاہیں صرف اپنے خاوندوں تک محدود رہیں گی وہ دوسروں کو پیارومحبت کی نظروں سے نہ دیکھیں گی اور نہ دوسروں کو چاہیں گی ۔ یہ ان حوران جنت کی تعریف بھی ہے ۔ اور نسوانی سیرت کا صحیح معیار بھی یعنی ایک عورت کی سچی تعریف یہ نہیں ہے کہ اس کا حسن دلفریب ہو ۔ بلکہ اس کی محبت صرف خاوند کے دل تک محدود ہو اور وہ اپنی اداؤں کے ساتھ صرف اپنے آقا کی نظروں میں محبوب ہو ۔ یاقوت ومرجان کیساتھ تشبیہ دینے کے معنی یہ ہیں کہ وہ تندرست اور خوبصورت ہونگی اور سرخ وسفید رنگ والی ہوں گی ۔