سورة غافر - آیت 85

فَلَمْ يَكُ يَنفَعُهُمْ إِيمَانُهُمْ لَمَّا رَأَوْا بَأْسَنَا ۖ سُنَّتَ اللَّهِ الَّتِي قَدْ خَلَتْ فِي عِبَادِهِ ۖ وَخَسِرَ هُنَالِكَ الْكَافِرُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

سو جب انہوں نے ہمارا عذاب دیکھ لیا ۔ تو اس وقت ان کا ایمان لانا انہیں نفع نہیں پہنچا سکتا تھا ۔ یہ اللہ کا وعدہ مقرر ہے جو اس کے بندوں (ف 1) میں چلا آیا ہے اور کافر اس جگہ گھاٹے میں ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

علم نبوت کی وسعت (ف 1) گمراہ قوموں میں سب سے بڑا عیب یہ ہوتا ہے کہ ان میں خود پسندی آجاتی ہے ۔ اور وہ اپنے مادی علوم پر فخر وغرور کرنے لگتی ہیں اور ان معارف وحکم پر غور وفکر نہیں کرتیں ۔ جن کا براہ راست دل کی پاکیزگی اور لطافت سے تعلق ہوتا ہے ۔ جب انبیاء علیہم السلام تشریف لاتے ہیں ۔ تو ان کو ہدف استہزاء بنالیتی ہیں ۔ اور اپنے مزعومات واوہام پر لگی رہتی ہیں ۔ اور ان حقیر معلومات کو علوم نبوت سے زیادہ بیش قیمت جانتی ہیں جو ان کے پاس ہوتی ہیں ۔ حالانکہ پیغمبر اپنے وقت کا بہت بڑا عارف اور بہت بڑا عالم ہوتا ہے ۔ اس کی نظریں بہت وسیع اور بلند ہوتی ہیں ۔ وہ اپنی حلیم بصیرت سے ان حقائق کو دیکھ لیتا ہے جہاں تک عام نظریں نہیں پہنچ سکتی ہیں ۔ وہ بیک جنبش فکر طارم اعلیٰ تک رسائی حاصل کرلیتا ہے ۔ اس کا روشن دماغ مستقبل کی تاریکیوں میں بھی پیش آئندہ حالات کو ٹٹول لیتا ہے ۔ اور وہ الہام و وحی کے طریقوں سے جانتا ہے کہ وہ انسانیت کے لئے کون طریق رشدوہدایت زیادہ موزوں اور کون اعمال زیادہ مفید ہیں ۔ مگر کوتاہ نظر لوگ اس زمانے کے محدود نگاہیں رکھنے والے بسبب اپنی فطری پستی کے جب اس کی بلندیوں کا صحیح صحیح اندازہ نہیں کرپاتے تو جہالت و تعصب کی وجہ سے اس کی مخالفت کرتے ہیں ۔ اور عملاً اپنے کو عذاب الٰہی کا مستحق گردانتے ہیں ۔ اور پھر جب وہ وقت آجاتا ہے کہ ان بدبختوں کا ان سے انتقام لیا جائے تو ان کی روح بیدار ہوتی ہے ۔ قلب سے حجابات اٹھنا شروع ہوجاتے ہیں اور پھر علی الاعلان کہنے لگتے ہیں کہ اب ہم ایک اللہ کو جانتے ہیں ۔ اور ان تمام مشرکانہ عقیدوں سے توبہ کرتے ہیں جو ہماری تباہی وہلاکت کا باعث ہوتے ہیں ۔ مگر یہ وقت توبہ وانابت کا نہیں ہوتا ۔ بلکہ مکافات عمل کا ہوتا ہے ۔ اللہ کے غضب اور غصہ کو برداشت کرنے اور اعمال بد کے نتائج کو ممثل اور مشہور طریق پر دیکھنے کا ہوتا ہے اس لئے ان سے اس وقت کہہ دیا جاتا ہے کہ اب تمہاری درخواست نہیں سنی جائے گی ۔ اور یہ سنت اللہ کا تقاضا ہے کہ خسران اور گھاٹے کو سہو اور اپنے گناہوں کا خمیازہ بھگتو ۔ حل لغات: بَأْسَنَا۔ ہمارا عذاب۔