وَيَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللَّهِ مَا لَمْ يُنَزِّلْ بِهِ سُلْطَانًا وَمَا لَيْسَ لَهُم بِهِ عِلْمٌ ۗ وَمَا لِلظَّالِمِينَ مِن نَّصِيرٍ
اور وہ اللہ کے سوا اس کو پوجتے ہیں ، جس کے لئے اللہ نے کوئی سند نازل نہیں کی اور جس کا انہیں علم نہیں ، اور ظالموں کا کوئی مددگار نہیں۔ (ف ١)
شرک ناقابل فہم ہے !: (ف1) ﴿مَا لَمْ يُنَزِّلْ بِهِ سُلْطَانًا﴾سے مقصود یہ ہے کہ شرک کے لئے کوئی عقلی وجہ جواز موجود نہیں ، اور یہ کیونکر ممکن ہے ؟ کہ ایک مٹی یا پتھر کے بت کو خدا قرار دے لیا جائے ، یا ایک شخص کو جس کی زندگی اور زندگی کی بےچارگیاں ہمارے سامنے ہیں ہم اس کو خدائی مسند پر بٹھا دیں ، اللہ تعالیٰ نے بار بار شرک کی مذمت فرمائی ہے ، اور اس کو ایک غیر عقلی اور غیر مدلل عقیدہ قرار دیا ہے ، مگر یہ عجیب بات ہے کہ اکثر لوگ اسی شرک کے مرض میں مبتلا ہیں ، اور نہیں محسوس کرتے کہ یہ کھلی گمراہی ہے ، بھلا جو شخص بھوک کی شدت سے بےتاب ہوجاتا ہے ، جسے پیاس بےقرار کردیتی ہے ، بیمار ہوتا ہے تو طبیب کا سہارا ڈھونڈتا ہے ، بتایئے ، وہ مرجانے کے بعد بھلا کیونکر خدا بن سکتا ہے ؟ پتھر کا وہ حقیر اور ذلیل ٹکڑا جس کو تم اپنی خداداد قابلیت سے ایک حسین وجمیل صورت میں بدل دیتے ہو ، وہ الوہیت کا حامل کس طرح ہوسکتا ہے وہ قبر اور مزار جس کو تم اپنے ہاتھوں سے بناتے ہو اس میں خدائی کہاں سے آجاتی ہے ۔ ؟ پھر کیا وجہ ہے کہ تم ان مٹی کے ڈھیروں کے سامنے جھک جاتے ہو ، اور پتھروں کو اپنا معبود سمجھنے لگتے ہو ، کیا یہ محض جہالت نہیں ، اور بےسود فعل ؟ حل لغات: سُلْطَانًا: فیصلہ کرنے اور چھا جانے والی دلیل ۔