سورة الحج - آیت 17

إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَالَّذِينَ هَادُوا وَالصَّابِئِينَ وَالنَّصَارَىٰ وَالْمَجُوسَ وَالَّذِينَ أَشْرَكُوا إِنَّ اللَّهَ يَفْصِلُ بَيْنَهُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

جو مسلمان ہوئے ، اور جو یہود ہوئے ، اور صابئیں ، اور نصارے ، اور مجوس ، اور جو مشرک (عرب کے) ہیں ، اللہ قیامت کے دن ان میں فیصلہ کرے گا ۔ اللہ ہر شئے پر حاضر ہے (ف ٣) ۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ٣) تمام دینی اختلافات نبھانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم کو نازل فرمایا ہے ، یہ تمام کتابوں اور تمام قسم کی تعلیمات کے لئے ملک اور معیار ہے ، اس وقت تک جس قدر سچائی اور صداقت صحیفوں اور کتابوں کی شکل میں نازل ہوئی ، وہ سب کی سب اس میں موجود ہے ، اس میں اللہ تعالیٰ نے ہر حقیقت مذہبی کا ذکر فرمایا ہے ، اس لئے جہاں تک اعتقاد وعمل کے اختلافات ہیں ، ان میں بس یہی اللہ کی آخری کتاب حکم فطرت کا صحیفہ ہے ، مگر ان لوگوں کی کج فہمی اور محرومی سے اگر یہ معیار بھی بجائے خود مابہ النزاع کتاب کی شکل اختیار کرلے تو اللہ تعالیٰ نے اس جھگڑے کو چکانے کے لئے قیامت کا دن مقرر فرما دیا ہے ، تاکہ وہاں سب لوگ اپنی گمراہی اور کج فہمی کو محسوس کرسکیں ، آیت کا مقصد یہ بھی ہے کہ حق اور سچائی ایک دائرے میں محدود ہے اور وہ ایک ایسی راہ ہے ، جو ہم کو منزل مقصود تک پہنچا سکتی ہے باقی تمام پگڈنڈیاں غلط اور ٹیڑھی ہیں ۔ حل لغات : السمآء بعض صحابہ اور مفسرین لئے اس کے معنے گھر کی چھت کے کئے ہیں ، الصائبین : صابی کی جمع ہے یہ ایک ستارہ پرست جماعت اسلام سے قبل تھی اور رسم ورواج کے لحاظ سے مجوسیت سے ۔ زیادہ ملتے جلتے تھے ۔