سورة طه - آیت 63
قَالُوا إِنْ هَٰذَانِ لَسَاحِرَانِ يُرِيدَانِ أَن يُخْرِجَاكُم مِّنْ أَرْضِكُم بِسِحْرِهِمَا وَيَذْهَبَا بِطَرِيقَتِكُمُ الْمُثْلَىٰ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
بولے ، بیشک یہ دونوں جادوگر ہیں ، ان کا ارادہ ہے کہ تمہیں اپنے جادو کے زور سے تمہارے ملک سے نکال دیں اور تمہارا دین جو اشرف ہے موقوف کردیں ۔
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
حل لغات : إِنْ هَذَانِ: میں اصحاب نحو وادب نے بیسیوں صورتیں پیش کی ہیں ، مگر سب نوع کے حجابات الجھن کو دور نہیں کرتے ، کہ آخر قرآن میں اس غیر مانوس انداز کو کیوں اختیار کیا گیا ، تفصیلات کا یہ مقام نہیں یوں سمجھ لیجئے ، کہ ہر آیت میں ایک موسیقی ہوتی ہے ، اور اس آیت کی صوتی مناسبت کا تقاضا یہ تھا کہ هَذَانِ پر إِنْ اثر انداز نہ ہو تاکہ آیت کی موسیقی قائم رہے اور یہ کمال بلاغت ہے ۔