سورة الإسراء - آیت 85

وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الرُّوحِ ۖ قُلِ الرُّوحُ مِنْ أَمْرِ رَبِّي وَمَا أُوتِيتُم مِّنَ الْعِلْمِ إِلَّا قَلِيلًا

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور روح کی بابت تجھ سے پوچھتے ہیں تو کہہ روح میرے رب کے حکم سے ہے ، اور تمہیں تھوڑا علم دیا گیا ہے۔ (ف ١)

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف1) یہاں کس روح کے متعلق پوچھا جا رہا ہے اس میں مفسرین کا اختلاف ہے قرآن نے روح کو متعدد معانی میں استعمال کیا ہے ، روح جبرائیل (علیہ السلام) کو بھی کہتے ہیں اور قرآن کو بھی اس طرح روح سےمراد روح حیوانی بھی ہے جس پر زندگی کا دارومدار ہے ، مفسرین کی اکثریت کی رائے یہ ہے کہ یہاں روح سے متعارف روح مراد ہے ۔ قرآن حکیم کہتا ہے ، اس قسم کے سوالات کا تعلق مذہب سے نہیں ہے ، پیغمبر کے فرائض میں یہ چیز داخل نہیں ہے کہ وہ تمہیں روح کی حقیقت سمجھائے وہ اس لئے آیا ہے ، تاکہ روح کو ’’جو کچھ بھی وہ ہے‘‘ تازگی اور نمود بخشے ، اسے تزکیہ وتطہیر سے اس قابل بنائے کہ وہ فضائے قدس میں پرواز کرسکے تمہارا علم محدود ہے ، تم اس کی گہرائیوں کو نہیں پا سکتے تمہارے لئے یہ ناممکن ہے کہ اس کی حقیقت کو سمجھ سکو ، آج بھی جبکہ ہمارا علم ترقی کرچکا ہے ہم روح کے متعلق بہت کم جانتے ہیں اور آئندہ بھی ہم بہت زیادہ نہیں جان سکیں گے ، کیونکہ ہمارا علم صرف محسوسات تک محدود ہے ، اور وہ بھی ناقص طریق پر ، ہمارے لئے کسی چیز کی پوری حقیقت سے آگاہ ہونا ناممکن ہے ۔ حل لغات : أَمْرِ: بات حکم ارادہ ، منشاء وغیرہ ۔