سورة النحل - آیت 98
فَإِذَا قَرَأْتَ الْقُرْآنَ فَاسْتَعِذْ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
سو جب تو قرآن پڑھے تو شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگ۔ (ف ٢)
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
(ف2) قرآن اللہ کی کتاب ہے اس کے نزدیک نقطہ نگاہ کی تقدیس ضروری ہے ، ذہن وخیال کی پاکیزگی لازم ہے ، تاکہ اس مقدس کلام کی پنہائیوں تک رسائی ہو سکے ، وہ شخص جو نفس کا ناپاک ہے ، جس کے قلب میں خباثت ہے ، جس کا باطن درست نہیں وہ اس کے فیوض وبرکات سے استفادہ نہیں کرسکتا اسی لئے ارشاد ہے کہ جب قرآن پڑھو تو شیطانی وساوس کو دور کرلو ، دل کو پاک اور یکسو کرلو ، اعوذ پڑھ لو ، اور غرض یہ ہے کہ پوری پاکیزگی کے ساتھ اس پاک کتاب کا مطالعہ کیا جائے ۔ حل لغات : فَاسْتَعِذْ بِاللَّهِ: خدا کی پناہ میں آ ۔یعنی حصار توحید میں جگہ حاصل کر ۔