سورة یوسف - آیت 23

وَرَاوَدَتْهُ الَّتِي هُوَ فِي بَيْتِهَا عَن نَّفْسِهِ وَغَلَّقَتِ الْأَبْوَابَ وَقَالَتْ هَيْتَ لَكَ ۚ قَالَ مَعَاذَ اللَّهِ ۖ إِنَّهُ رَبِّي أَحْسَنَ مَثْوَايَ ۖ إِنَّهُ لَا يُفْلِحُ الظَّالِمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور جس عورت کے گھر میں وہ تھا اس نے اس کو اس کے نفس سے پھسلایا ، اور دروازے بند کر لئے ، اور کہا جلد آ ، یوسف (علیہ السلام) بولا ، اللہ کی پناہ ، وہ میرا آقا ہے ، اس نے میرا اچھا ٹھکانا کیا ، البتہ ظالم لوگ بھلائی نہیں پاتے (ف ١) ۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

عفت نفس کی بہترین مثال : (ف ١) جب یوسف (علیہ السلام) جوان ہوگئے ، تو عزیز مصر کی عورت نے اظہار عشق ومحبت شروع کردیا ، اور ایک دن موقع پا کر مکان کے دروازے بند کردیئے ، اور دعوت دی کہ یوسف مصروف عیش ہوں ، آپ نے کمال پاکبازی سے جواب دیا ، کہ یہ کیونکر ممکن ہے عزیز مصر نے مجھ پر احسان کئے ہیں ، اور میں انہیں دھوکہ دوں ، یہ ظلم مجھ سے نہ ہو سکے گا ۔ یہ اس وقت کے تمدن کا صحیح نقشہ ہے ، کہ امراء کی عورتیں عام طور پر عصمت فروش ہوتی تھیں ، اور شہوات نفسانی میں اس درجہ غلو تھا ، کہ اپنے غلاموں سے بھی پرہیز نہیں تھا ، آج کل بھی اونچے طبقوں میں یہی کیفیت ہے کیونکہ دولت کی فراوانی کے ساتھ دینی ضبط اور کنٹرول نہیں جس سے نفس کی شورشوں کو روکا جا سکے ، حضرت یوسف (علیہ السلام) کا ضبط نفس دیکھئے ، گناہ پوری طاقت کیساتھ دعوت عمل دے رہا ہے ، خود جوان ہیں ، عزیز مصر کی حسین ومعزز عورت بلا رہی ہے ، مکان بند ہیں ، پوری خلوت ہے مگر یوسف (علیہ السلام) خدا سے پناہ مانگتے ہو کے صاف بچ جاتے ہیں ۔ اور زبان حال سے گویا ہوتے ہیں ۔ ہزار دام سے نکلاہوں ایک جنبش میں ۔ جسے غرور ہو آئے کرے شکار مجھے ۔