سورة ھود - آیت 93

وَيَا قَوْمِ اعْمَلُوا عَلَىٰ مَكَانَتِكُمْ إِنِّي عَامِلٌ ۖ سَوْفَ تَعْلَمُونَ مَن يَأْتِيهِ عَذَابٌ يُخْزِيهِ وَمَنْ هُوَ كَاذِبٌ ۖ وَارْتَقِبُوا إِنِّي مَعَكُمْ رَقِيبٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اے قوم ! تم اپنی جگہ میں کام کئے جاؤ میں اپنی جگہ کام کرتا ہوں ، آئندہ کو تمہیں معلوم ہوجائیگا کہ رسوائی کا عذاب کس پر آتا ہے اور کون جھوٹا ہے اور تا کہتے رہو میں بھی تمہارے ساتھ تاکتا ہوں (ف ١) ۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ١) حضرت شعیب (علیہ السلام) نے دھمکی کو صبر وعزیمت کے ساتھ سنا اور کہا ، تمہیں میرے عزیزوں کا تو خیال ہے ، مگر اللہ کا خیال نہیں ، جس کی جانب سے میں مبعوث ہو کر آیا ہوں ، تم اس کی آواز پرکان نہیں دھرتے تمہیں اس بات کی فکر نہیں کہ وہ تمہیں کیا کہے گا تم جو چاہو ، کرتے رہو میں ہرگز تمہارے طرز عمل سے خائف نہیں ، تم عنقریب جان لوگے ، کہ جھوٹا کون ہے ، اور سچا کون ، کس پر اللہ کی رحمتیں ہیں اور کون ذلیل اور کون عذاب کا مستحق ہے ۔ چنانچہ اللہ کا عذاب آیا اور انکار کرنے والے صفحہ ہستی سے ہٹ گئے ، اللھم اغفر لکاتبیہ ولمن سعے فیہ ۔