سورة یونس - آیت 94

فَإِن كُنتَ فِي شَكٍّ مِّمَّا أَنزَلْنَا إِلَيْكَ فَاسْأَلِ الَّذِينَ يَقْرَءُونَ الْكِتَابَ مِن قَبْلِكَ ۚ لَقَدْ جَاءَكَ الْحَقُّ مِن رَّبِّكَ فَلَا تَكُونَنَّ مِنَ الْمُمْتَرِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

سو (اے محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم) جو کچھ ہم نے تیری طرف نازل کیا ، اگر تجھے اس میں شک ہے ‘ تو ان سے پوچھ جو تجھ سے پہلے کتاب پڑھ رہے ہیں بیشک تیرے رب سے تیری طرف حق بات آئی ہے ، تو تو ہرگز شک کرنے والوں میں نہ ہو (ف ١) ۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ١) قرآن حکیم کا انداز بیان ہے کہ مخاطب حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کیا جاتا ہے اور مقصود دوسرے ہوتے ہیں ، کیونکہ آپ ترجمان وحی ہیں اور انسانیت کے وکیل بھی اس لئے اللہ تعالیٰ بالوحی انہیں سے تخاطب فرماتے ہیں ، ورنہ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) شک وریب سے پاک ہیں ، وہ تو سراپا یقین و ایمان ہیں ، حضرت ابن عباس (رض) سعید بن جبیر ، (رض) قتادہ (رض) اور حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ سے روایت ہے کہ ” لم یسئلک رسول اللہ “۔ یعنی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کبھی شک نہیں پیدا ہوا ۔ اور غور فرمائیے جو دوسروں کو ایمان ویقین کی نعمتیں بانٹ رہا ہے ، جو دلوں کو نور ومعرف سے اجاگر کر رہا ہے کیا وہ خود سرمردود ہو سکتا ہے ۔ غرض یہ ہے کہ قرآن سابقہ کتب کا موید ہے توریت وانجیل میں صدہا پیش گوئیاں موجود ہیں ، جو قرآن کی صداقت پر دال ہیں ۔ حل لغات : حقت علیم کلمت ربک : یعنی جن کی فطرت کے متعلق پہلے سے علم ہے کہ یہ حق کی طرف رجوع نہیں کرینگے وہ کیونکر ایمان کی دولت سے بہرہ ور ہو سکتے ہیں ۔