سورة الانفال - آیت 29

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تَتَّقُوا اللَّهَ يَجْعَل لَّكُمْ فُرْقَانًا وَيُكَفِّرْ عَنكُمْ سَيِّئَاتِكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ۗ وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

مومنو ! اگر اللہ سے ڈرتے رہو گے ، تو وہ تمہارے لئے (مخالفین کی نسبت) فیصلہ کر دے گا ، اور تمہارے گناہ دور کر دے گا اور تمہیں بخشے گا ، اور اللہ بڑے (ہی) فضل والا ہے۔ (ف ١)

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

مومن کا امتیاز : (ف1) مومن کے لئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے وعدہ ہے کہ اگر اس کے دل میں اللہ کا ڈر ہو اور وہ سچے دل سے اسلام کے احکام کا احترام کرتا ہو ، تو دنیا میں اس کی زندگی خاص امتیاز سے بسر ہوگی وہ فرقان ، یعنی سلوک خاص کا مستحق ہوگا ، اس میں اور کفر وطاغوت میں تبائن ہوگا ، اس کے علو وبرتری کا مقابلہ نہ ہو سکے گا ، اور وہ شان سے جلال الہی کا اظہار کرے گا۔