سورة التغابن - آیت 9

يَوْمَ يَجْمَعُكُمْ لِيَوْمِ الْجَمْعِ ۖ ذَٰلِكَ يَوْمُ التَّغَابُنِ ۗ وَمَن يُؤْمِن بِاللَّهِ وَيَعْمَلْ صَالِحًا يُكَفِّرْ عَنْهُ سَيِّئَاتِهِ وَيُدْخِلْهُ جَنَّاتٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا أَبَدًا ۚ ذَٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

جس دن وہ تمہیں اکٹھا کرنے کے دن اکٹھا کریگا ۔ یہی ہار جیت کا دن ہوگا ۔ اور جو کوئی اللہ پر ایمان لائے گا اور اچھے کام کرے گا ۔ اس کے گناہ خدا اس سے دور کریگا ۔ اور اسے باغوں میں داخل کریگا ۔ جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں ۔ ان میں ہمیشہ رہیں گے ۔ یہی بڑی مراد ملنی ہے

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اس وقت تم کو اطلاع دی جائے گی جب اجتماع کے روز قیامت کے دن اللہ تم کو جمع کرے گا وہ ہار جیت اور پاس فیل ہونے کا دن ہوگا نیکو کار جیت جائیں گے بدکار ہارے ہوں گے اور اگر تفصیل سے سننا چاہو تو سنو جو کوئی اللہ پر کامل ایمان لایا ہوگا اور اس کے مقتضا کے مطابق نیک عمل بھی کئے ہوں گے اور بڑے کبائر گناہ شرک کفر بدعت فسق وفجور سے بچتا رہا ہوگا تو اللہ اس کی غلطیاں دور کر دے گا اور اس کو جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہیں ہمیشہ ان میں رہیں گے نہ وہ ایسا کوئی کام کریں گے کہ وہاں سے نکلنے کا موجب ہوگا نہ کوئی شخص بالجبر انکو نکالے گا یہی بڑی کامیابی ہے اللہ جسے نصیب کرے وہی خوش نصیب ہے