سورة الرحمن - آیت 33

يَا مَعْشَرَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ إِنِ اسْتَطَعْتُمْ أَن تَنفُذُوا مِنْ أَقْطَارِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ فَانفُذُوا ۚ لَا تَنفُذُونَ إِلَّا بِسُلْطَانٍ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اے جنوں اور آدمیوں کی قوم اگر تم سے ہوسکے تو آسمانوں اور زمین کے کناروں سے نکل بھاگو ۔ تو نکل کر بھاگ دیکھو ، تم بن غلبہ کے بھاگ نہیں سکتے ۔ اور وہ غلبہ تم میں ہے نہیں۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

یہ بھی تمکو اعلان کردیا جاتا ہے جو سراسر تمہارے حق میں رحمت ہے کہ اے جنو ! اور انسانو ! سنو ! اگر تم میں طاقت ہے کہ تم آسمانوں اور زمینوں کے کناروں سے یعنی پروردگار کی سلطنت سے نکل سکو اور نکل کر امن چین سے زندگی گذار سکو تو بے شک نکل جائو۔ جہاں تمہارے سینگ سمائیں چلے جائو۔ یہ سرکار الٰہی کا تم کو نوٹس ہے لیکن ہم تمہیں یہ بتائے دیتے ہیں کہ تم لوگ نہیں نکلو گے مگر اللہ پر غلبہ کرنے سے یعنی اللہ قدیر پر تم غالب آجائو تو اس کے ملک سے نکل سکو گے اور یہ ناممکن ہے