سورة آل عمران - آیت 92

لَن تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّىٰ تُنفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ ۚ وَمَا تُنفِقُوا مِن شَيْءٍ فَإِنَّ اللَّهَ بِهِ عَلِيمٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

جب تک تم اپنی پیاری چیزوں میں سے خرچ نہ کرو ‘ بھلائی کو ہرگز حاصل نہیں کرسکتے اور جو تم خرچ کرتے ہو ‘ وہ اللہ کو معلوم ہے (ف ١)

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

پس اگر تم اپنی بہتری چاہتے ہو تو اس مال کو اللہ کی راہ میں خرچ کرو اور یہ سمجھ رکھو کہ شکستہ دلی سے ردی مال کا خرچ کرنا تمہیں کسی طرح کام نہ آئے گا بلکہ تم نیکی اور اجر ہرگز نہ پائو گے جب تک اخلاص کے ساتھ اپنی پسندیدہ چیزوں میں سے خرچ نہ کرو گے اور پسندیدہ چیزدیتے ہوئے تنگ نہ ہو کیونکہ جو کچھ تم خرچ کرو گے اس کا عوض ضرور پائو گے اس لئے کہ اللہ تعالیٰ اس کو خوب جانتا ہے مناسب اس کا بدلہ دے گا سب باتوں کی اصل تو اخلاص ہے شان نزول :۔ (لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ) بعض لوگ طلباء کے لئے کچھ کھجوروں کے گچھے لٹکا جاتے تھے جن میں اکثر ردی اور ناقص ہوتے ان کے حق میں یہ آیت نازل ہوئی۔