سورة الماعون - آیت 7

وَيَمْنَعُونَ الْمَاعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور برتنے کی چیز مانگی نہیں دیتے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَیَمْنَعُوْنَ الْمَاعُوْنَ﴾ کسی چیز کو عاریتا یا ہبہ کے طور پر عطا کرنے سے جس کے عطا کرنے پر ان کو نقصان نہیں پہنچتا، روکتے ہیں ،مثلا : برتن، ڈول، کلہاڑی وغیرہ جن کو استعمال کے لیے دینے اور ان کے بارے میں فیاضی کرنے کی عام عادت جاری ہے۔ یہ لوگوں کو اپنی شدید حرص کے باعث استعمال کی معمولی اشیا کو دینے سے منع کرتے ہیں، تب ان سے زیادہ بڑی اشیا( لوگوں کو استعمال کے لیے )دیتے وقت ان کا کیا حال ہوگا۔ اس سورہ مبارکہ میں یتیموں اور مساکین کو کھانا کھلانے، نیز نماز کا خیال رکھنے ،اس کی حفاظت کرنے اور نماز اور دیگر تمام اعمال میں اخلاص کو مدنظر رکھنے کی ترغیب دی گئی ہے ۔نیز معروف پر عمل کرنے، معمولی اموال کو استعمال کے لیے عطا کرنے کی ترغیب ہے۔ مثلا : برتن، ڈول، اور کتاب وغیرہ ؛کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس شخص کی مذمت کی ہے جو ایسا نہیں کرتا۔