سورة الإنسان - آیت 6
عَيْنًا يَشْرَبُ بِهَا عِبَادُ اللَّهِ يُفَجِّرُونَهَا تَفْجِيرًا
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
وہ ایک چشمہ ہے جس سے اللہ کے بندے پیتے ہیں اس کی نالیاں (اپنے ڈیروں میں) لے جاتے ہیں
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿عَیْنًا یَّشْرَبُ بِہَا عِبَادُ اللّٰہِ﴾ ”وہ ایک چشمہ ہے جس سے اللہ کے بندے پئیں گے “ یعنی وہ لذیذ شراب، جو وہ پئیں گے، انہیں اس کے ختم ہونے کا خوف نہیں ہوگا بلکہ اس کا ایسا مادہ ہوگا جو کبھی منقطع نہ ہوگا ، یہ ہمیشہ جاری رہنے اور بہنے والا چشمہ ہوگا۔ اللہ کے بندے جہاں چاہیں گے جیسے چاہیں گے وہاں سے نہریں نکال لے جائیں گے ،اگر وہ چاہیں گے تو ان کو خوبصورت باغات کی طرف موڑ لیں گے یا بارونق باغیچوں کی طرف لے جائیں گے اگر وہ چاہیں گے تو محلات کی جوانب اور آراستہ گھروں کی طرف بہالے جائیں گے یا وہ خوبصورت جہات میں ہے جس جہت میں بھی چاہیں گے ان نہروں کو لے جائیں گے۔