سورة القمر - آیت 49

إِنَّا كُلَّ شَيْءٍ خَلَقْنَاهُ بِقَدَرٍ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

ہم نے ہر شئے ایک اندازہ سے پیدا کی ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿اِنَّا کُلَّ شَیْءٍ خَلَقْنٰہُ بِقَدَرٍ﴾ ’’بے شک ہم نے ہر چیز کو مقرر اندازے کے مطابق پیدا کیا۔‘‘ یہ آیت کریمہ تمام مخلوقات، تمام علوی اور سفلی کائنات کو شامل ہے، تمام کائنات کو اللہ تعالیٰ اکیلے نے پیدا کیا، اللہ کے سوا کوئی ان کا خالق نہیں اور نہ اس کی تخلیق میں کسی کی کوئی شراکت ہی ہے۔ اس نے اس کائنات کو ایسی قضاوقدر کے ساتھ پیدا کیا، جس کے بارے میں اس کا علم سبقت کر گیا، اس کی مقدار، وقت اور اس کے تمام اوصاف کو اس کے قلم نے درج کرلیا۔ یہ سب کچھ اللہ کے لیے بہت آسان تھے۔ اسی لیے فرمایا: ﴿وَمَآ اَمْرُنَآ اِلَّا وَاحِدَۃٌ کَلَمْحٍ بِالْبَصَرِ﴾ ’’اور ہمارا حکم تو آنکھ جھپکنے کی طرح ایک بات ہی ہوتی ہے۔‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو اس سے کہتا ہے ہوجا۔ تو وہ چیز آنکھ جھپکنے کے مانند، بغیر کسی رکاوٹ اور بغیر کسی صعوبت کے اس طرح ہوجاتی ہے جیسا کہ اس نے ارادہ کیا تھا۔