سورة الطور - آیت 22

وَأَمْدَدْنَاهُم بِفَاكِهَةٍ وَلَحْمٍ مِّمَّا يَشْتَهُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور جس قسم کا میوہ اور گوشت وہ چاہیں گے ۔ ہم ان کے لئے ریل پیل لگادیں گے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

چونکہ کسی کویہ توہم لاحق ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اہل جہنم کے ساتھ بھی یہی کرے گا، ان کی اولاد کوان کے ساتھ ملائے گا، اس لیے اللہ تعالیٰ نے آگاہ فرمایاکہ جنت اورجہنم کےا حکام ایک جیسے نہیں ہیں ۔جہنم دارعدل ہے اور ساتھ اللہ تعالیٰ کا عدل یہ ہے کہ وہ کسی کوگناہ کے بغیر سز انہیں دیتا،اس لیے فرمایا:﴿ كُلُّ امْرِئٍ بِمَا كَسَبَ رَهِينٌ﴾ یعنی ہر شخص اپنے عمل ہی کا گروی ہے،کوئی جان کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا نہ کسی پر کسی دوسرے کا گناہ ڈالاجائے گا۔ ﴿وَاَمْدَدْنٰہُمْ﴾ یعنی ہم اپنے بے پایاں فضل وکرم سے اہل جنت کو اور زیادہ نعمتیں عطا کریں گے اور رزق عام سے بہر مند کریں گے۔ ﴿ بِفَاكِهَةٍ ﴾ یعنی انگور، انار، سیب اور نہایت لذیذ پھلوں کی مختلف اصناف سے نوازیں گے جو اس پر مستزاد ہوں گے جسے وہ عام خوراک کے طور پر استعمال کریں گے ﴿ وَلَحْمٍ مِّمَّا يَشْتَهُونَ ﴾ اور پرندوں وغیرہ کے ہر قسم کے گوشت جو وہ طلب کریں گے اور جو ان کے دل چاہے گا۔