فَفِرُّوا إِلَى اللَّهِ ۖ إِنِّي لَكُم مِّنْهُ نَذِيرٌ مُّبِينٌ
پس تم اللہ کی طرف بھاگو میں تمہیں اس کی طرف سے صریح ڈرانے والا ہوں۔
﴿فَفِرُّوْٓا اِلَی اللّٰہِ ﴾ ’’لہٰذا تم اللہ کی طرف دوڑو۔،، چونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو اپنی ان آیات میں غوروفکر کرنے کی دعوت دی ہے جو خشیت الٰہی اور انابت الی اللہ کی موجب ہیں اس لیے اس چیز کا حکم دیا جو اس غوروفکر کی مقصود ومطلوب ہے اور وہ ہے اللہ تعالیٰ کی طرف فرار ہونا، یعنی جو چیز ظاہری اور باطنی لحاظ سے اللہ کو ناپسند ہے اسے چھوڑ کر اس چیز کی طرف فرار ہونا جو ظاہری اور باطنی لحاظ سے اللہ تعالیٰ کو پسند ہے، جہالت سے فرار ہو کر علم کی طرف آنا۔ کفر سے بھاگ کر ایمان کی طرف آنا، اللہ تعالیٰ کی نافرمانی سے فرار ہو کر اس کی اطاعت کی طرف آنا اور غفلت کو چھوڑ کر ذکرالٰہی کی طرف آنا۔ پس جس نے ان امور کو مکمل کیا اس نے دین کی تکمیل کرلی، اس سے خوف زائل ہوگیا اور اسے اس کی منزل مراد اور مطلوب ومقصود حاصل ہوگیا اللہ نے اپنی طرف اس رجوع کو فرار کے نام سے موسوم کیا کیونکہ غیر اللہ کی طرف رجوع میں خوف اور ناپسندیدہ امور کی بہت سیانواع پنہاں ہیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع میں انواع واقسام کے پسندیدہ امور، امن مسرت، سعادت اور فوزوفلاح پوشیدہ ہیں۔ پس بندہ اللہ تعالیٰ کی قضا وقدر سے بھاگ کر اس کی قضا وقدر کی طرف آئے اور ہر وہ ہستی جس سے آپ ڈرتے ہیں اس سے بھاگ کر اللہ کی پناہ لیں کیونکہ اس خوف کی مقدار کے مطابق ہی اللہ تعالیٰ کی طرف فرار ہوگا۔ ﴿اِنِّیْ لَکُمْ مِّنْہُ نَذِیْرٌ مُّبِیْنٌ﴾ یعنی میں واضح طور پر اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرانے والا ہوں۔