وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَآمَنُوا بِمَا نُزِّلَ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَهُوَ الْحَقُّ مِن رَّبِّهِمْ ۙ كَفَّرَ عَنْهُمْ سَيِّئَاتِهِمْ وَأَصْلَحَ بَالَهُمْ
اور جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کئے اور محمد پر اترا ہے اسے مان لیا اور وہی ان کے رب کی طرف سے حق (یعنی سچا دین) ہے اس لئے ان کی بدیوں کو ان سے دور کیا اور ان کا حال سنوار (ف 1) دیا۔
﴿ وَ ﴾ ” اور“ لیکن ﴿ الَّذِينَ آمَنُوا ﴾ وہ لوگ جو اس چیز پر ایمان لائے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء و رسل پر عموماً نازل کی اور جو حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خصوصاً نازل کی۔ ﴿ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ ﴾ اور انہوں نے اللہ تعالیٰ اور بندوں کے حقوق واجبہ و مستحبہ کو ادا کرتے ہوئے نیک اعمال کیے ﴿ كَفَّرَ ﴾ ” مٹا دے گا“ اللہ تعالیٰ ﴿ عَنْهُمْ سَيِّئَاتِهِمْ ﴾ ان کے چھوٹے اور بڑے گناہوں کو۔ جب ان کے گناہ مٹا دئیے گئے تو انہوں نے دنیا اور آخرت کے عذاب سے نجات پائی۔ ﴿ وَأَصْلَحَ بَالَهُمْ ﴾ او اللہ تعالیٰ ان کے دین و دنیا، ان کے قلوب اور ان کے اعمال کی اصلاح کرے گا، ان کے ثواب کو نشونما دے کر اس کی اصلاح کرے گا، نیز اللہ تعالیٰ ان کے تمام احوال کی اصلاح کرے گا۔