وَمَا أَنتُم بِمُعْجِزِينَ فِي الْأَرْضِ ۖ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ اللَّهِ مِن وَلِيٍّ وَلَا نَصِيرٍ
اور تم زمین میں بھاگ کر عاجز کرنے والے نہیں ہو ، اور اللہ کے سوا تمہارے لئے کوئی کارساز اور مددگار نہیں ہے۔
اللہ تعالیٰ کی طرف سے عقوبات کو مؤخر کرنا کسی بھول کی بنا پر ہے نہ عجز کی بنا پر ﴿وَمَا أَنتُم بِمُعْجِزِينَ فِي الْأَرْضِ﴾ ” اور تم زمین میں (اسے عاجز) نہیں کرسکتے۔“ یعنی اللہ تعالیٰ کو تم پر جو قدرت حاصل ہے اس بارے میں تم اللہ تعالیٰ کو عاجز نہیں پاؤ گے بلکہ تم زمین کے اندر بے بس اور عاجز ہو۔ اللہ تم پر جو حکم نافذ کرتا ہے تم اسے روکنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ ﴿وَمَا لَكُم مِّن دُونِ اللّٰـهِ مِن وَلِيٍّ ﴾ ” اور اللہ کے سوا تمہارا کوئی دوست نہیں۔“ جو تمہاری سرپرستی کرے اور تمہیں فوائد عطا کرے ﴿وَلَا نَصِيرٍ ﴾ ” اور نہ مددگار۔“ جو تم سے ضرر رساں چیزوں کو دور کرے۔