سورة غافر - آیت 26

وَقَالَ فِرْعَوْنُ ذَرُونِي أَقْتُلْ مُوسَىٰ وَلْيَدْعُ رَبَّهُ ۖ إِنِّي أَخَافُ أَن يُبَدِّلَ دِينَكُمْ أَوْ أَن يُظْهِرَ فِي الْأَرْضِ الْفَسَادَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور فرعون نے کہا کہ مجھے چھوڑ دو کہ میں موسیٰ کو قتل کروں اور چاہیے کہ وہ اپنے رب کو پڑا پکارے ۔ میں ڈرتا ہوں کہ کہیں وہ تمہارا دین نہ بگاڑ دے یا زمین میں فساد ظاہر نہ کرے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَقَالَ فِرْعَوْنُ ﴾ فرعون نے نہایت تکبر کے ساتھ اور اپنی قوم کے بے وقوفوں کو فریب میں مبتلا کرتے ہوئے کہا : ﴿ ذَرُونِي أَقْتُلْ مُوسَىٰ وَلْيَدْعُ رَبَّهُ ﴾ ” مجھے چھوڑ دو کہ میں موسیٰ کو قتل کر دوں اور اسے چاہئے کہ وہ اپنے رب کو بلا لے۔“ فرعون سمجھتا تھا۔۔۔ اللہ تعالیٰ اس کا برا کرے۔۔۔ اگر اسے اپنی قوم کی دل جوئی مقصود نہ ہوتی تو وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو قتل کرا دیتا اور فرعون یہ بھی سمجھتا تھا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا اپنے رب سے دعا کرنا اسے اپنے ارادے پر عمل کرنے سے باز نہیں رکھ سکتا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس سبب کا ذکر فرمایا جس کی بنا پر فرعون نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو قتل کرنے کا ارادہ کیا تھا اس نے اپنی قوم کی خیر خواہی اور زمین پر ازالہ شر کے لئے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے قتل کا ارادہ کیا تھا، چنانچہ اس نے کہا : ﴿ إِنِّي أَخَافُ أَن يُبَدِّلَ دِينَكُمْ ﴾ ”مجھے ڈر ہے کہ کہیں وہ تمہارے دین کو نہ بدل دے۔“ جس پر تم چل رہے ہو ﴿ أَوْ أَن يُظْهِرَ فِي الْأَرْضِ الْفَسَادَ ﴾ ” یا وہ ملک میں فسادد نہ پیدا کردے۔“ یہ بہت ہی تعجب اخیز امر ہے کہ ایک بدترین انسان لوگوں کی خیر خواہی کے لئے ان کو مخلوق میں سے بہترین ہستی کی اتباع سے روکے۔ یہ درحقیقت باطل کو فریب کاری کے خوبصورت پردے میں چھپانا ہے۔ یہ کام صرف وہی عقل سر انجام دے سکتی ہے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿ فَاسْتَخَفَّ قَوْمَهُ فَأَطَاعُوهُ إِنَّهُمْ كَانُوا قَوْمًا فَاسِقِينَ ﴾ (الزخرف :43؍54) ” فرعون نے اپنی قوم کو ہلکا (بے وقوف) جانا اور انہوں نے بھی اس کی اطاعت کی، وہ درحقیقت فاسقوں کا گروہ تھا۔ “