سورة الروم - آیت 51

وَلَئِنْ أَرْسَلْنَا رِيحًا فَرَأَوْهُ مُصْفَرًّا لَّظَلُّوا مِن بَعْدِهِ يَكْفُرُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اگر ہم ایک ہوا بھیجیں پھر وہ اس (کھیت) کو زرد پڑگئی دیکھیں تو اس کے بعد وہ ناشکری (ف 1) کرنے لگتے ہیں

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک و تعالیٰ مخلوق کا حال بیان کرتا ہے کہ لوگ اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمت کے سایہ کناں ہونے، زمین کے مر جانے کے بعد اس کے زندہ ہونے پر بہت خوش ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ اس بارش کے بعد اگنے والی نباتات اور ان کی کھیتیوں پر نقصان دہ اور انہیں تلف کردینے والی ہوا بھیج دے ﴿ فَرَأَوْهُ مُصْفَرًّا﴾ ” لہٰذا وہ اس )کھیتی( کو زرد پڑتا دیکھیں“ جو تلف ہونے کی حالت کو پہنچ چکی ہے ﴿ لَّظَلُّوا مِن بَعْدِهِ يَكْفُرُونَ﴾ ” تو وہ اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی ناشکری کرنے لگ جائیں گے“ اور اس کی گزشتہ نعمتوں کو بھول جائیں گے۔ ان لوگوں کو وعظ و نصیحت اور زجر و توبیخ کوئی فائدہ نہیں دیتی۔