سورة القصص - آیت 21

فَخَرَجَ مِنْهَا خَائِفًا يَتَرَقَّبُ ۖ قَالَ رَبِّ نَجِّنِي مِنَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

تب وہ ڈرتا اور راہ تکتا ہوا شہر سے نکلا ۔ بولا اے میرے رب ظالم لوگوں سے مجھے بچا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

موسیٰ علیہ السلام نے اس خیر خواہ انسان کی خیر خواہی پر عمل کیا۔ ﴿ فَخَرَجَ مِنْهَا خَائِفًا يَتَرَقَّبُ﴾ ” پس اس بات سے ڈرتے ہوئے )کہ کہیں ان کو قتل نہ کردیا جائے( اس شہر سے نکل پڑے“ اور آپ نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی : ﴿قَالَ رَبِّ نَجِّنِي مِنَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ﴾ ”میرے رب ! مجھے ظالم لوگوں سے نجات دے۔“ کیونکہ اب وہ اپنے اس فعل سے توبہ کرچکے ہیں جس کا انہوں نے بغیر کسی قصد و ارادے کے غصے کی حالت میں ارتکاب کیا تھا اب ان کا آپ کو دھمکی دینا ظلم اور زیادتی ہے۔