وَأَنْ أَتْلُوَ الْقُرْآنَ ۖ فَمَنِ اهْتَدَىٰ فَإِنَّمَا يَهْتَدِي لِنَفْسِهِ ۖ وَمَن ضَلَّ فَقُلْ إِنَّمَا أَنَا مِنَ الْمُنذِرِينَ
اور یہ کہ قرآن پڑھ کر سنادوں ۔ پھر جس نے ہدایت پائی تو وہ اپنے ہی نفس کے لئے ہدایت پاتا ہے اور جو کوئی گمراہی میں رہا تو کہہ دے کہ میں تو صرف ڈرانیوالا ہوں (ف 1)
﴿وَ﴾ ” اور“ اسی طرح مجھے یہ حکم بھی دیا گیا ہے ﴿أَنْ أَتْلُوَ الْقُرْآنَ﴾ ” کہ میں تمہارے سامنے قرآن کی تلاوت کروں“ تاکہ تم اس کے ذریعے سے راہنمائی حاصل کرو اور اس کے الفاظ اور معانی کو سیکھو۔ یہی میری ذمہ داری ہے جو میں نے پوری کردی ہے۔ ﴿ فَمَنِ اهْتَدَىٰ فَإِنَّمَا يَهْتَدِي لِنَفْسِهِ﴾ ” پس جو شخص راہ راست اختیار کرتا ہے تو وہ اپنے ہی فائدے کے لئے اختیار کرتا ہے۔“ یعنی اس کا فائدہ اسی کو ہوگا اور وہی اس کا پھل پائے گا۔ ﴿ وَمَن ضَلَّ فَقُلْ إِنَّمَا أَنَا مِنَ الْمُنذِرِينَ﴾ ” اور جو گمراہ رہتا ہے تو کہہ دو کہ میں تو صرف متنبہ کرنے والا ہوں۔“ اور ہدایت میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔