سورة الشعراء - آیت 44

فَأَلْقَوْا حِبَالَهُمْ وَعِصِيَّهُمْ وَقَالُوا بِعِزَّةِ فِرْعَوْنَ إِنَّا لَنَحْنُ الْغَالِبُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اس پر انہوں نے اپنی لاٹھیاں اور رسیاں ڈالیں اور بولے فرعون کے اقبال کی قسم بےشک ہم ہی غالب ہیں۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ فَأَلْقَوْا حِبَالَهُمْ وَعِصِيَّهُمْ ﴾ ” تو انہوں نے اپنی رسیاں اور لاٹھیاں ڈالیں۔“ تو اسی وقت وہ سانپ بن کر چلنے لگیں اور اس طرح انہوں نے لوگوں کی آنکھوں کو سحر زدہ کردیا۔ ﴿ وَقَالُوا بِعِزَّةِ فِرْعَوْنَ إِنَّا لَنَحْنُ الْغَالِبُونَ ﴾ ” اور وہ کہنے لگے کہ فرعون کی عزت کی قسم ! ہم ضرور غالب رہیں گے۔“ پس انہوں ایک کمزور بندے سے مدد طلب کی جو ہر لحاظ سے عاجز تھا، البتہ وہ جبر سے مسلط تھا اور اسے اقتدار اور فوج کی طاقت حاصل تھی۔ اس تکبر اور نخوت نے اس کو فریب میں مبتلا کر رکھا تھا اور ان کی نظر فریب کے اس پردے کو چاک کرکے حقیقت الامر تک نہیں پہنچ سکی۔۔۔ یا یہ ان کی طرف سے عزت فرعون کے ساتھ قسم ہے اور ( إِنَّهُمْ الْغَالِبُونَ ) مقسم علیہ ہے۔