سورة النور - آیت 10

وَلَوْلَا فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ وَأَنَّ اللَّهَ تَوَّابٌ حَكِيمٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اگر اللہ کا فضل اور اس کا رحم تم پر نہ ہوتا (ف ١) ۔ اور یہ کہ اللہ توبہ قبول کرنے والا حکمتوں والا ہے ، (تو کیا کچھ نہ ہوتا)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَلَوْلَا فَضْلُ اللّٰـهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ وَأَنَّ اللّٰـهَ تَوَّابٌ حَكِيمٌ﴾ شرط کا جواب محذوف ہے جس پر سیاق کلام دلالت کرتا ہے یعنی اگر اللہ تعالیٰ کا تم پر فضل نہ ہوتا تو دونوں لعان کرنے والوں میں سے جھوٹے پر اللہ تعالیٰ کا غضب نازل ہوجاتا جس کی اس نے دعا کی تھی۔ یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور اس کا فضل ہے کہ اس نے یہ حکم نازل فرمایا جو میاں بیوی کے ساتھ مختص ہے کیونکہ اس حکم کی سخت ضرورت تھی، نیز اس نے تمہارے سامنے زنا اور قذف کی قباحت اور شدت کو واضح کیا اور اس نے ان کبیرہ گناہوں سے توبہ کو مشروع فرمایا۔