سورة المؤمنون - آیت 107

رَبَّنَا أَخْرِجْنَا مِنْهَا فَإِنْ عُدْنَا فَإِنَّا ظَالِمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اے ہمارے رب ہمیں اس جہنم سے نکال اگر ہم پھر (کفر) کریں تو ہم گنہگار ۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ رَبَّنَا أَخْرِجْنَا مِنْهَا فَإِنْ عُدْنَا فَإِنَّا ظَالِمُونَ ﴾ ” اے ہمارے رب ! ہمیں اس سے نکال لے، پھر اگر ہم یہی کام کریں تو یقینًا ظالم ہوں گے۔“ وہ اپنے اس وعدے میں بھی جھوٹے ہیں کیونکہ تب بھی ان کا حال وہی ہوگا جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ﴿ وَلَوْ رُدُّوا لَعَادُوا لِمَا نُهُوا عَنْهُ ﴾ (الانعام : 6؍28)” اور اگر ان کو دنیا میں لوٹا دیا جائے تو دوبارہ وہی کام کریں گے جن سے ان کو منع کیا گیا ہے۔“ اللہ تبارک و تعالیٰ نے کوئی حجت باقی نہیں رکھی بلکہ ان کے تمام عذر منقطع کردیے اور دنیا میں ان کو اس نے اتنی عمریں دیں کہ اس میں نصیحت پکڑنے والے نصیحت پکڑ لیتے ہیں اور مجرم جرم سے باز آجاتے ہیں۔