سورة الحج - آیت 56

الْمُلْكُ يَوْمَئِذٍ لِّلَّهِ يَحْكُمُ بَيْنَهُمْ ۚ فَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ فِي جَنَّاتِ النَّعِيمِ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

راج اس دن اللہ کا ہے وہ ان میں حکم کریگا ، سو جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کئے وہ نعمت کے باغوں میں ہوں گے ۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ الْمُلْكُ يَوْمَئِذٍ ﴾ ” بادشاہی اس دن۔“ یعنی قیامت کے روز ﴿ لِّلَّـهِ ﴾ ” صرف اللہ تعالیٰ کی ہوگی۔“ اور اس کے سوا کسی اور کا کوئی اقتدار و اختیار نہ ہوگا۔ ﴿ يَحْكُمُ بَيْنَهُمْ ﴾ وہ ان کے درمیان عدل و انصاف سے فیصلہ کرے گا۔ ﴿ فَالَّذِينَ آمَنُوا ﴾ پس وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ، اس کے رسول اور جو کچھ رسول لے کر آئے، اس پر ایمان لائے ﴿ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ ﴾ اور نیک عمل کئے تاکہ ان کے ذریعے سے اپنے ایمان کی سچائی کا ثبوت بہم پہنچائیں ﴿ فِي جَنَّاتِ النَّعِيمِ﴾ ” نعمت والے باغوں میں ہوں گے۔“ یعنی انہیں قلب و روح اور بدن کی ایسی نعمت حاصل ہوگی جسے کوئی بیان کرنے والا بیان کرسکتا ہے نہ عقل اس کا ادراک کرسکتی ہے۔