سورة الحج - آیت 51

وَالَّذِينَ سَعَوْا فِي آيَاتِنَا مُعَاجِزِينَ أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ الْجَحِيمِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور جنہوں نے ہماری آیتوں کے ہرانے میں کوشش کی ، وہی دوزخی ہیں۔ (ف ١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَالَّذِينَ سَعَوْا فِي آيَاتِنَا مُعَاجِزِينَ ﴾ ” وہ لوگ جو ہماری آیتوں کو پست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔“ یعنی جو بزعم خود اللہ تعالیٰ کی آیات کو نیچا دکھانے کے لئے بڑھ چڑھ کر کوشش کرتے ہیں یہ امید رکھتے ہوئے کہ اسلام کے خلاف ان کی سازش کامیاب ہوجائے گی۔ ﴿ أُولَـٰئِكَ﴾ ” یہی لوگ“ جو آیات الٰہی کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنے سے متصف ہیں۔“ ﴿ أَصْحَابُ الْجَحِيمِ ﴾ ” جہنمی ہیں۔“ یعنی بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوں گے اور ہر وقت وہیں رہیں گے۔ ان کے عذاب میں کوئی تخفیف ہوگی نہ لمحہ بھر کے لئے یہ درد ناک عذاب ان سے ہٹایا جائے گا۔ حاصل معنی یہ ہے کہ جو لوگ قرآن کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں اور بزعم خود اہل ایمان کو نیچا دکھانے کے لئے ان کی مخالفت اور ان سے دشمنی کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس طرح وہ اپنا مقصد حاصل کرلیں گے، یہ لوگ ہمیشہ جہنم کے عذاب میں رہیں گے۔