إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَالَّذِينَ هَادُوا وَالصَّابِئِينَ وَالنَّصَارَىٰ وَالْمَجُوسَ وَالَّذِينَ أَشْرَكُوا إِنَّ اللَّهَ يَفْصِلُ بَيْنَهُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدٌ
جو مسلمان ہوئے ، اور جو یہود ہوئے ، اور صابئین ، اور نصاریٰ ، اور مجوس ، اور جو مشرک (عرب کے) ہیں ، اللہ قیامت کے دن ان میں فیصلہ کرے گا ۔ اللہ ہر شئے پر حاضر ہے۔ (ف ٣)
اللہ تبارک و تعالیٰ روئے زمین پر بسنے والے مذاہب کے پیروکاروں کے تمام گروہوں، یعنی وہ لوگ جن کو کتاب عطا کی گئی ہے، مثلاً اہل ایمان، یہود، نصاریٰ، صابئین، مجوس اور مشرکین کے بارے میں آگاہ فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب کو قیامت کے روز جمع کرے گا اور ان کے درمیان عدل کے ساتھ فیصلہ کرے گا اور ان کو ان کے اعمال کی جزا دے گا جن کو اس نے حفاظت کے ساتھ ان کے اعمال ناموں میں درج کر رکھا ہے اور ان پر گواہ ہے، اس لئے فرمایا : ﴿إِنَّ اللّٰـهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدٌ﴾ ” بے شک اللہ تعالیٰ ہر چیز کو دیکھ رہا ہے۔“