سورة الأنبياء - آیت 40

بَلْ تَأْتِيهِم بَغْتَةً فَتَبْهَتُهُمْ فَلَا يَسْتَطِيعُونَ رَدَّهَا وَلَا هُمْ يُنظَرُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

بلکہ وہ ان پر اچانک آجائے گی ، پھر ان کو ہکا بکا بنادے گی ، پھر وہ اسے نہ ہٹا سکیں گے اور نہ مہلت پائیں گے۔ (ف ١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ بَلْ تَأْتِيهِم﴾ ” بلکہ آجائے گی ان کے پاس۔“ یعنی آگ ﴿ بَغْتَةً فَتَبْهَتُهُمْ﴾ ” اچانک، پس وہ ان کو مبہوت کر دے گی۔“ یعنی ناگہاں ان پر ٹوٹ پڑے گی، گھبراہٹ، دہشت اور عظیم خوف انہیں ہکا بکا کردیں گے۔ ﴿فَلَا يَسْتَطِيعُونَ رَدَّهَا﴾ ” پس وہ اس کو لوٹانے کی طاقت نہیں رکھیں گے۔“ کیوں کہ وہ ایسا کرنے سے عاجز اور بہت کمزور ہوں گے۔ ﴿ وَلَا هُمْ يُنظَرُونَ﴾ یعنی ان کو مہلت دے کر ان پر سے عذاب موخر نہیں کیا جائے گا۔ اگر انہیں اپنی اس حالت اور انجام کا علم ہوتا تو کبھی عذاب کے لئے جلدی نہ مچاتے بلکہ عذاب سے بہت زیادہ ڈرتے۔ مگر جب یہ علم ان کے پاس نہ رہا تو انہوں نے اس قسم کی باتیں کیں۔