إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَةَ وَالدَّمَ وَلَحْمَ الْخِنزِيرِ وَمَا أُهِلَّ لِغَيْرِ اللَّهِ بِهِ ۖ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَلَا عَادٍ فَإِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ
اللہ نے تو تم پر صرف مردار حرام کیا ہے اور خون ، اور سور کا گوشت ، اور جس پر غیر اللہ کا نام پکارا گیا ہو ، پھر جو نہ زور کرتا ہو ، اور نہ ہی زیادتی اور عاجز ہوگیا ، تو اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔ (ف ١)
﴿إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ﴾ ” اس نے تم پر صرف حرام کردیا ہے۔“ اللہ تعالیٰ نے تمہاری پاکیزگی کی خاطر ضرر رساں چیزوں کو تم پر حرام ٹھہرا دیا ہے۔ ﴿الْمَيْتَةَ﴾ ” مردار۔“ یعنی ان چیزوں میں ایک مردار ہے اس میں ہر وہ جانور داخل ہے جس کی موت مشروع طریقے سے ذبح کے بغیر واقع ہوئی ہو۔ ٹڈی اور مچھلی کا مردار اس حکم سے مستثنیٰ ہے۔ ﴿وَالدَّمَ ﴾ ” اور خون“ یعنی بہایا ہوا، )جو ذبح کے وقت بہتا ہے( اور وہ خون جو ذبح کرنے کے بعد رگوں اور گوشت میں باقی رہ جائیے اس میں کوئی حرج نہیں۔ ﴿وَلَحْمَ الْخِنزِيرِ﴾ ” اور خنزیر کا گوشت“ یہ اس کی گندگی اور ناپاکی کی وجہ سے حرام ہے اور یہ حکم اس کے گوشت، اس کی چربی اور اس کے تمام اجزاء کو شامل ہے۔ ﴿وَمَا أُهِلَّ لِغَيْرِ اللّٰـهِ بِهِ ۖ﴾ ” اور جس پر نام پکارا جائے اللہ کے سوا کسی اور کا۔“ مثلاً وہ جانور جو بتوں اور قبروں وغیرہ پر ذبح کیا جائے کیونکہ اس کا مقصد شرک ہے۔ ﴿فَمَنِ اضْطُرَّ﴾ ” پس جو شخص مجبور ہوجائے“ ان محرمات میں سے کسی چیز کے استعمال کرنے پر، یعنی ضرورت اسے اس کے استعمال پر مجبور کر دے اور اسے ڈر ہو کہ اگر وہ یہ حرام چیز نہیں کھائے گا تو مر جائے گا تو اس حرام چیز کو کھا لینے میں کوئی گناہ نہیں۔ ﴿غَيْرَ بَاغٍ وَلَا عَادٍ﴾ ” نہ سرکشی کرنے والا ہو اور نہ زیادتی کرنے والا“ یعنی جب وہ مجبور نہ ہو تو حرام چیز کھانے کا ارادہ رکھتا ہو نہ حلال کو چھوڑ کر حرام کی طرف جاتا ہو اور نہ ضرورت سے زیادہ حرام چیز کو استعمال میں لاتا ہو۔ یہ وہ محرمات ہیں جن کو اضطراری حالت میں اللہ تعالیٰ نے حلال کردیا ہے۔