سورة النحل - آیت 50

يَخَافُونَ رَبَّهُم مِّن فَوْقِهِمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ ۩

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اپنے اوپر سے اپنے رب کا خوف رکھتے ہیں اور جو حکم پاتے ہیں سو ہی کرتے ہیں

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿يَخَافُونَ رَبَّهُم مِّن فَوْقِهِمْ ﴾ ” ڈر رکھتے ہیں وہ اپنے رب کا اپنے اوپر سے“ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ان کی کثرت اطاعت اور ان کے خشوع و خضوع پر ان کی مدح کرنے کے بعد، اللہ تعالیٰ سے ان کے خوف پر ان کی مدح فرمائی ہے، جو بالذات ان کے اوپر، ان پر غالب اور کامل اوصاف کا مالک ہے اور وہ اس کے دست قدرت کے تحت ذلیل اور مقہور ہیں۔ ﴿ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ ﴾ ” جو ان کو ارشاد ہوتا ہے وہ اس پر عمل کرتے ہیں۔“ یعنی اللہ تعالیٰ جو بھی انہیں حکم دیتا ہے وہ خوشی اور پسندیدگی سے اس کی تعمیل کرتے ہیں۔ )١( سجدہ اضطراری : یہ سجدہ اللہ تعالیٰ کی صفات کمال پر دلالت کرتا ہے۔ اس سجدہ میں مومن اور کافر، نیک اور بد، انسان اور حیوان سب شامل ہیں۔ )٢( سجدہ اختیاری : جو اس کے اولیاء، اس کے مومن بندوں، فرشتوں اور دیگر مخلوقات سے مختص ہے۔