سورة الحجر - آیت 20
وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيهَا مَعَايِشَ وَمَن لَّسْتُمْ لَهُ بِرَازِقِينَ
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
اور تمہارے لئے اس میں روزیاں پیدا کیں اور ان کی بھی جن کے تم روزی دینے والے نہیں ۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيهَا مَعَايِشَ﴾ ” اور بنا دیئے تمہارے لئے اس میں روزی کے اسباب“ یعنی کھیتی باڑی، مویشیوں اور مختلف اقسام کے پیشوں اور دستکاریوں کے ساتھ تمہاری روزی وابستہ کی ﴿ وَمَن لَّسْتُمْ لَهُ بِرَازِقِينَ﴾ ” اور ایسی چیزیں جن کو تم روزی نہیں دیتے“ یعنی ہم نے تمہارے فائدے اور تمہارے مصالح کے لئے تمہیں غلام، لونڈیاں اور مویشی عطا کئے جن کا رزق تمہارے ذمے نہیں ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ نے ان کو تمہیں عطا کیا اور انکے رزق کی کفالت اپنے ذمے لی۔