سورة ھود - آیت 90

وَاسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ ۚ إِنَّ رَبِّي رَحِيمٌ وَدُودٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اپنے رب سے معافی مانگو پھر اس کی طرف توبہ کرو بےشک میرا رب مہربان محبت والا ہے ،

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَاسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ ﴾ ” اور اپنے رب سے بخشش مانگو۔“ یعنی تم سے جن گناہوں کا ارتکاب ہوا ہے ان پر بخشش طلب کرو۔ ﴿ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ ﴾ ” پھر اس کے حضور توبہ کرو۔“ تمام عمر میں آئندہ گناہوں پر خالص توبہ کرو اور اس کی اطاعت اور ترک مخالفت کے ذریعے سے اس کی طرف رجوع کرو ﴿إِنَّ رَبِّي رَحِيمٌ وَدُودٌ ﴾ ” بے شک میرا رب رحم والا، محبت والا ہے۔“ یعنی جو کوئی توبہ کرکے اس کی طرف رجوع کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر رحم کرتا ہے اور اسے بخش دیتا ہے، اس کی توبہ قبول کرتا ہے اور اس سے محبت کرتا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کے اسماء حسنی میں (اَلوَدُود ) کے معنی یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں سے محبت کرتا ہے اور وہ اس سے محبت کرتے ہیں۔ (ودود) (فعول) کے وزن پر ” فاعل“ اور ” مفعول“ دونوں معنی میں استعمال ہوتا ہے۔