سورة ھود - آیت 11

إِلَّا الَّذِينَ صَبَرُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ أُولَٰئِكَ لَهُم مَّغْفِرَةٌ وَأَجْرٌ كَبِيرٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

مگر جو ثابت قدم اور نیک اعمال ہیں ‘ انہیں کے لئے مغفرت اور بڑا ثواب ہے ۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

یہ ہے انسان کی فطرت، سوائے اس کے جسے اللہ تعالیٰ توفیق سے نواز دے اور اسے ان مذموم اخلاق سے نکال کر اخلاق حسنہ کی طرف لے جائے اور یہ وہ لوگ ہیں جو مصائب اور تکالیف کے وقت پر اپنے نفس کو صبر پر مجبور کرتے ہیں اور مایوس نہیں ہوتے اور خوشی کے وقت بھی صبر کرتے ہیں۔ پس خوشی میں اتراتے نہیں ہیں اور نیکیوں میں واجبات و مستحبات پر عمل کرتے ہیں۔ ﴿أُولَـٰئِكَ لَهُم مَّغْفِرَةٌ  ﴾ ان کے لئے ان کے گناہوں کی مغفرت ہے، جس سے ہر خوف زائل ہوجاتا ہے۔ ﴿وَأَجْرٌ كَبِيرٌ ﴾ ” اور بڑا اجر ہے“ اور یہ نعمتوں سے بھر پور جنت کے حصول میں کامیابی ہے، جس میں وہ سب کچھ ہوگا جس کی نفس چاہت کریں گے اور آنکھیں لذت حاصل کریں گی۔