سورة الانفال - آیت 68
لَّوْلَا كِتَابٌ مِّنَ اللَّهِ سَبَقَ لَمَسَّكُمْ فِيمَا أَخَذْتُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
اگر پہلے سے خدا کا نوشتہ نہ ہوتا ، تو تمہارے اس (فدیہ) لینے میں تم کو بڑا عذاب ہوتا ۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿لَّوْلَا كِتَابٌ مِّنَ اللَّـهِ سَبَقَ﴾ ” اگر اللہ کا حکم پہلے نہ ہوچکا ہوتا“ یعنی اللہ تعالیٰ کی قضا و قدر مقرر نہ ہوچکی ہوتی اور تمہارے لئے غنائم کو حلال نہ کردیا گیا ہوتا اور اے امت مسلمہ !۔۔۔ تم سے عذاب کو نہ اٹھا لیا گیا ہوتا ﴿لَمَسَّكُمْ فِيمَا أَخَذْتُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ﴾ ” تو تم نے جو فدیہ حاصل کیا ہے اس کی پاداش میں تمہیں عذاب عظیم آلیتا۔‘‘ اور حدیث میں آتا ہے ” اگر بدر کے روز (قیدیوں کے فدیہ کے معاملے میں( عذاب نازل ہوتا تو عمر (رضی اللہ عنہ) کے سوا کوئی نہ بچتا۔ [تفسیرالدرالمنثور،(3؍ 366)]